اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یوم عاشور پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر افواجِ پاکستان، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یومِ عاشور پر ملکی حالات پُر امن رہے، ملک بھر میں پورے عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس و جلسے جلوس کا انعقاد ہوا۔
شہباز شریف نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پر مامور رہے، یومِ عاشور کو پُرامن رکھنے پر ہر افسر و اہلکار کے مشکور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں عاشورہ کے جلوس مقررہ مقامات پر پہنچنے کے بعد اختتام پذیر
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وفاقی وزیر داخلہ اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اور چاروں وزرائے اعلیٰ کی بہترین قیادت کی بدولت ملک بھر میں یوم عاشور کی سر گرمیاں پُرامن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پورے ملک میں عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس اور جلوس کا انعقاد ہوا، وفاق اور صوبوں کے مابین پولیس، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کرنے لیے ہم آہنگی قابل ستائش ہے۔