امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ آج کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں آج نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔
پاکستان کو گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں امریکہ کے ہاتھوں تاریخی اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انڈیا نے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو ہرایا تھا۔
میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے حوالے سے اچھی خبر سامنے یہ آئی ہے کہ پسلیوں کی تکلیف میں مبتلا آل راؤنڈر عماد وسیم روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ کے لیے فِٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک مجموعی طور پر ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سات میچ کھیلے جا چکے ہیں جس میں 6 مرتبہ جیت انڈیا جبکہ ایک مرتبہ پاکستان نے فتح حاصل کی۔
